نئی دہلی،4؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی نے آکسفورڈ یونیورسٹی کےٹیکے کووی شیلڈ اور بھارت بایو ٹیک کے ’کوویکسین‘کو کورونا سے مقابلہ کیلئے ملک میں ہنگامی استعمال کی منظوری ملنے پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے اسے کورونا سے لڑائی اور کورونا سے پاک ہندوستان کی جانب اہم سنگھ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ خیال ہر ہندوستانی کیلئے باعث فخر ہےکہ جن دو ٹیکوں کو منظوری ملی ہے وہ ہندوستان میں تیار ہوئے ہیں۔‘‘
ماہرین کی ٹیم نے پہلے آکسفورڈ یونیورسٹی کے تیار کردہ ٹیکے کووی شیلڈ کو اور پھر بھارت بایوٹیک کے ’کوویکسین‘ کو منظوری دی ہے۔ کوویکسین پوری طرح سے ہندوستان میں بنا ہے جبکہ کووی شیلڈ کا پروڈکشن پونے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ میں ہوا ہے۔
دونوں ٹیکوں کے ہندوستان سے تعلق پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس کیلئے سائنسدانوں کی تعریف کی اور کہا ہے کہ ’’اس سے ہمارے سائنسدانوں کی عجلت ظاہر ہوتی ہے کہ وہ کتنی جلدی آتم نربھر بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کردینا چاہتے ہیں۔‘‘